اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے ایک بیان میں ایران کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت امریکہ کی سرکردگی میں عالمی سامراج ، منافقین اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کا اتحاد، ایران کے حالات کو بحرانی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ نفسیاتی جنگ اور لوگوں میں غصہ دکھا کر حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کرے جبکہ اس کی یہ سازش بھی کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔انھوں نے موجودہ دور میں ایران کے اسلامی نظام حکومت کی توانائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چار عشروں کے واقعات سے یہ بات بخوبی ثابت ہوئی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جنگ اور پابندیوں جیسی تمام سختیوں اور مسائل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اس زمانے کے معمولی سے وسائل و ذرائع سے ہی دشمن کو شکست دی ہے۔جنرل امیر حاتمی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس وقت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ مستحکم و مضبوط ہے جو ہر شعبے میں اپنا لوہا منوانے میں کامیاب بھی رہا ہے اس لئے پابندیوں جیسے ہتھکنڈوں سے اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی کی راہ کو ہرگز نہیں روکا جا سکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169